حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ پہلے تحقیقات ہوتی ہیں، چارج فریم ہوتا ہے پھر ٹرائل شروع ہوتا ہے، کسی نے بھی جرم کیا ہے اس کو سزا ملنی چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں ن لیگ کے خلیل طاہر سندھو، پیپلز پارٹی کی شہلا رضا اور تحریک انصاف کے عمیر نیازی نے شرکت کی۔
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے خلیل طاہر سندھو کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پر الزام ہے تو کیس پہلے سویلین کورٹ میں جائے گا۔ سازش میں ملوث ہونے کا ثبوت ملتا ہے تو سویلین کورٹ کے بعد کیس ملٹری کورٹ میں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کا حق ہے لیکن کچھ شرائط ہیں، جتنے مشترکہ مفاد کے مسائل ہیں ان پر بات چیت کریں گے۔
فیض حمید نے آرمی چیف بنانے کیلئے آصف علی زرداری سے بھی رابطہ کیا تھا، شہلا رضا
پی پی رہنما شہلا رضا کا کہنا تھا کہ بتایا جاتا تھا فیض حمید سے مل کر طویل حکمرانی کا پلان بنایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی 26ویں آئینی ترمیم پر تحفظات سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔ پی ٹی آئی صرف 9 مئی اور 26 نومبر پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر اڈیالہ آتے جاتے رہے ہیں، بلاول بھٹو کی تجویز پر پارلیمانی کمیٹی بنی ہے۔ اگر 250 لوگ زخمی ہیں تو ان کے نام دے دیں۔
شہلا رضا کا کہنا تھا کہ فیض حمید نے آصف علی زرداری سے بھی رابطہ کیا تھا کہ آرمی چیف بنائیں۔
فیض حمید کے چارج شیٹ ہونے کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، عمیر نیازی
پی ٹی آئی رہنما عمیر نیازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پریس ریلیز کے مطابق فیض حمید کو ہاؤسنگ سوسائٹی سٹی کیس میں چارج شیٹ کیا گیا۔ پریس ریلیز کے مطابق باقی کیسز زیر تفتیش ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آرمی ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی فوج ہی کرے گی۔ فیض حمید کے چارج شیٹ ہونے کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں۔
عمیر نیازی نے کہا کہ پارلیمنٹ کا ماحول بتا رہا ہے چیزیں ٹیبل پر حل ہوسکتی ہیں۔ مذاکرات تو ہوں گے لیکن مینڈیٹ کا ایشو آئے گا۔ سیاسی جماعتیں کچھ لو کچھ دو کے تحت معاملات کرتی ہیں۔ امید ہے کوئی نہ کوئی راستہ نکل آئے گا۔