پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے یوتھ ڈیولپمنٹ کے شعبے کا سربراہ مقرر کر دیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق یہ رول اظہر علی کی موجودہ ذمے داریوں کی توسیع ہو گی، اس وقت وہ قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں، ان کی تقرری ریکروٹمنٹ کے عمل کے مطابق کی گئی ہے۔
اظہر علی نے 2002ء میں آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ سے اپنے سفر کا آغاز کیا جس کے بعد وہ سینئر ٹیم میں آئے۔
2010ء سے 2022ء تک کے کیریئر میں انہوں نے 97 ٹیسٹ اور 53 ون ڈیز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
انہوں نے 9 ٹیسٹ اور 31 ون ڈے میچوں میں قومی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔
اظہر علی کا کہنا ہے میں اس اہم کردار کو نبھانے پر فخر محسوس کرتا ہوں اور ُپرجوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں کلب اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے بعد یہ سمجھتا ہوں کہ مستقبل کے اسٹارز کی تشکیل میں گراس روٹ کی ترقی کا اہم کردار ہے، اس شعبے میں پہلے ہی اہم پیش رفت ہوئی ہے اور میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ اپنے نوجوانوں کے ترقیاتی پروگرام کو مزید آگے بڑھانے کے لیے کام کرنے کا منتظر ہوں۔
اظہر علی نے یہ بھی کہا ہے کہ ہمارا مقصد ٹیلنٹ کی شناخت کرنا اور انہیں اعلیٰ ترین سطح پر بہترین کارکردگی کے تمام لوازمات سے آراستہ کرنا ہے۔