انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) بورڈ نے لاس اینجلس اولمپکس 2028ء میں مرد و خواتین کی 6، 6 کرکٹ ٹیمیں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اولمپکس میں کرکٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں مرد و خواتین کے ایونٹس میں 6، 6 ٹیمیں ہوں گی اور ہر ٹیم 15، 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس اولمپکس کے کرکٹ وینیوز کا تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
بات کی جائے کہ اولمپکس میں پاکستان کرکٹ ٹیم ہو گی یا نہیں تو اس کا جواب ہے کہ پاکستان کو اولمپکس مقابلوں میں کوالیفائی کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے 12 فُل ممبرز ہیں اور موجودہ آئی سی سی رینکنگ میں پاکستان مینز ٹیم ساتویں اور ویمنز ٹیم آٹھویں پوزیشن پر ہے اور اولمپکس میں آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ کی 6 ٹیمیں کوالیفائی کریں گی۔
پاکستان کو اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے لیے رینکنگ بہتر کرنی پڑے گی، اچھی بات یہ ہے کہ اولمپکس کمیٹی کے بورڈ ممبرز نے آئی سی سی کی رینکنگ کی ڈیڈ لائن نہیں دی ہے کہ کب تک کی رینکنگ پر ٹیموں کی شمولیت کی جائے گی۔
یاد رہے کہ کرکٹ کو آخری مرتبہ پیرس اولمپکس 1900ء میں شامل کیا گیا تھا جب برطانیہ اور فرانس کے درمیان 2 روزہ میچ کھیلا گیا تھا۔