شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد ان کی بعث پارٹی نے غیر معینہ مدت کے لیے کام معطل کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پارٹی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مرکزی قیادت نے غیر معینہ مدت تک تمام سرگرمیاں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بعث پارٹی کے فنڈز اور جائیداد وزارتِ داخلہ کے حوالے کیے جائیں گے۔
دوسری جانب اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ دمشق کی جانب باغیوں کی پیش قدمی پر روس نے بشار الاسد کو شام فوری چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا، انہیں بتایا گیا کہ وہ جنگ ہار چکے ہیں۔
اسرائیلی اخبار نے کہا کہ بشار الاسد نے ہنگامی روانگی سے قبل اپنے قریبی رفقاء کو اطلاع نہیں دی، ان کے محفوظ سفر کا اہتمام روسی انٹیلی جنس نے کیا تھا۔
اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ بشار الاسد دمشق سے اپنے نجی جیٹ میں شام میں روسی ایئر بیس پہنچے، ان کے سفر کے دوران طیارے کا ٹرانسپونڈر بند کر دیا گیا، خمیمیم ایئر بیس سے بشار الاسد روسی فوجی طیارے میں روس روانہ ہوئے، روس کے سفر کے دوران ترک فضائی حدود سے اجتناب کیا گیا۔