ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ جوڈی گارلینڈ کے ’وزرڈ آف اوز‘ نامی فلم میں پہنے گئے جوتے 2 کروڑ 80 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوگئے۔
1939 کی کلاسک فلم پہنے گئے مشہور روبی جوتے گزشتہ دنوں نیلام ہوئے جو کہ ہالی ووڈ کی یادگاروں میں اب تک کی سب سے بڑی قیمت ہے۔
ان جوتوں اور دیگر اشیاء کی نیلامی ڈیلاس میں قائم ہیریٹیج آکشنز نے کی، اور خریدار کی فیس شامل کرکے کل رقم 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالر بنی، تاہم انتظامیہ کی جانب سے تاحال خریدار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
ہیریٹیج آکشنز کے نائب صدر جو میڈالینا نے کہا کہ جُوڈی گارلینڈ کے روبی جوتے کی کسی اور ہالی ووڈ یادگار سے کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ اس نیلامی کا نتیجہ فلموں اور ان کی یادگاروں کی اہمیت کا عکاس ہے۔
جوڈی گارلینڈ کیلئے یہ جوتے مشہور ڈیزائنر ایڈریان نے فلم کےلیے تیار کیے تھے، سرخ سلک فیلا سے بنے اور سرخ موتیوں سے سجے یہ جوتے، فلم کی شوٹنگ کے دوران مختلف مقاصد جیسے ڈانسنگ یا کلوز اپ شاٹس کےلیے استعمال کیے گئے۔ نیلامی میں فروخت ہونے والے جوتے، فلم میں نظر آنے والے جوڑے سے بالکل میل کھاتے ہیں۔
ان جوتوں سے متعلق کہا جارہا ہے کہ یہ جوڑا 2005 میں جُوڈی گارلینڈ میوزیم، گرینڈ ریپڈز، مینیسوٹا میں نمائش کے دوران چوری ہوا تھا اور 2018 میں ایف بی آئی نے اسے برآمد کر لیا تھا۔ جن کے اصل ہونے کی تصدیق سمتھسونین انسٹیٹیوشن نے کی تھی۔