لاہور ہائی کورٹ نے 3 سال کی بچی کو گاڑیوں کی فٹنس چیک کرنے والے موبائل یونٹس کا افتتاح کرنے کی ہدایت کر دی۔
عدالت میں اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے حکم دیا کہ سردیوں کی چھٹیوں کے بعد اسکول کے بچوں کو پک اینڈ ڈراپ کے لیے ٹرانسپورٹ دیں، بچوں کی آمد و رفت اسکول بسز کے ذریعے یقینی بنائی جائے اور جو اسکول احکامات کو نہیں مانے گا اس کو سیل کر دیا جائے۔
عدالت نے حکم دیا کہ محکمۂ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی فٹنس سے متعلق 15 دن میں پالیسی بنا کر دے۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ محکمۂ ٹرانسپورٹ ہر 3 ماہ بعد گاڑیوں کی انسپکشن کا پابند ہو گا۔
اُنہوں نے کہا کہ محکمۂ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرے۔
عدالت نے مزید کہا کہ محکمۂ ٹرانسپورٹ کے پاس تمام پبلک اور پرائیویٹ بسوں کا ڈیٹا ہونا چاہیے۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ کوئی اسکول ٹرانسپورٹ سے متعلق والدین کو یہ نہ کہے کہ ہم بچوں کی ذمے داری نہیں لیں گے۔
عدالت نے اس کیس کی مزید کارروائی کو منگل تک ملتوی کر دیا۔