نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزیرِ اعظم ہاؤس میں شروع ہو گیا۔
اجلاس میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزراء شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات بالخصوص امنِ عامہ کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس میں انسدادِ دہشت گردی کے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کی صورتِ حال سمیت صوبوں اور وفاق کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے اور انٹیلی جنس معلومات کی موٗثر شیئرنگ پر بھی غور کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور اپیکس کمیٹی اجلاس میں 24 نومبر کے احتجاج پر بات کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کا ہونے والا اجلاس مؤخر کر دیا گیا تھا۔