امریکی سینیٹر کرس وان ہولن نے کہا ہے کہ امیگریشن کریک ڈاؤن کے دوران غلطی سے السلواڈور بیدخل کیا گیا شخص کلمر ابریو گارشیا (Kilmar Abrego García ) شدید صدمے سے دوچار ہے اور اسے واپس لایا جائے گا۔
امریکا واپسی پر واشنگٹن ڈی سی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر کرس وان ہالن نے میری لینڈ سے ڈیپورٹ کیے گئے کلمر سے ملاقات کا احوال بتایا، کلمر کی بیوی اور بچے امریکی شہری ہیں۔
کلمر کو ڈیپورٹ کرکے ابتدا میں پچیس مائیگرینٹس کے ساتھ السلواڈور کے ایک سیل میں رکھا گیا تھا تاہم اب اسے دوسری جیل بھیج دیا گیا ہے۔
السلواڈور حکام نے ابتداء میں سینیٹر کو ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی تھی تاہم اصرار پر کلمر سے ہوٹل میں ملاقات کرائی گئی تھی۔
سینیٹر نے کہا کہ کلمر سے ملاقات اسے امریکا واپس لانے کی جانب پہلا قدم ہے کیونکہ یہی آئین کا تقاضا بھی ہے۔
سپریم کورٹ نے بھی ٹرمپ انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ وہ کلمر کو واپس لانے کے لیے اقدامات کرے، تاہم ٹرمپ انتظامیہ احکامات کی تعمیل سے گریز کررہی ہے۔