پاکستان ویمن کے بعد بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم نے بھی آئی سی سی ویمن ورلڈکپ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کی بیٹرز کی دھواں دھار بیٹنگ انہیں ورلڈ کپ کا ٹکٹ نہ دلوا سکی۔
بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر بنگلہ دیش نے ورلڈکپ کے لئے کوالیفائی کر لیا پاکستان ویمن ٹیم نے آخری میچ میں بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں تھائی لینڈ ویمن نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لئے 167 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ویسٹ انڈیز ویمن کو ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے لئے ہدف 10 اعشاریہ1 اوورز میں پورا کرنا تھا، اس نے 10 اعشاریہ 5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بناکر میچ تو جیت لیا لیکن ورلڈکپ کےلیے کوالیفائی نہ کر سکی۔
ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلے میتھیوز نے 29 گیندوں پر 70 اور شنیل ہنری نے 17 گیندوں پر 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، اس سے قبل تھائی لینڈ ویمن ٹیم 47ویں اوور میں 166 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئی تھی۔
ایونٹ کے اختتام پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انعامات تقسیم کیے اسکاٹ لینڈ کی کیتھرین برائس 293 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کی بہترین پلیئر قرار پائیں۔