ایران نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ایران کےلیے جوہری تکنیکی کامیابیوں کا تحفظ لازم ہے، اس پر بات چیت ممکن نہیں۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر غیرقانونی پابندیاں قابل اعتماد ضمانتوں کے ساتھ ہٹانی ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران پابندیوں کے خاتمے کےلیے سنجیدگی سے مذاکرات میں حصہ لے رہا ہے۔ امریکا سے بالواسطہ مذاکرات کی مدت دونوں ممالک کی بات چیت کی نوعیت پر منحصر ہے۔
اسماعیل بقائی نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران کےلیے جوہری تکنیکی کامیابیوں کا تحفظ لازم ہے، اس پر بات چیت ممکن نہیں۔
خیال رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان عمان کی ثالثی میں بالواسطہ مذاکرات روم میں شروع ہوگئے۔
مذاکرات میں ایرانی نمائندگی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی جبکہ امریکا کی نمائندگی مشرق وسطی کےلیے امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکاف کر رہے ہیں۔
مذاکرات سے قبل ایرانی وزیر خارجہ نے اطالوی ہم منصب سے گفتگو میں کہا تھا کہ ایران ہمیشہ سے سفارتکاری کےلیے پُرعزم رہا ہے۔