نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ اور سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت اصول پر کمپرومائز نہیں کرے گی، اگر کسی کو قانونی عمل کے ذریعے سزا ہوئی ہے تو ہم کیا کرسکتے ہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ جن لوگوں نے نو مئی کے واقعات کیے وہ اس کی قیمت اداکر رہے ہیں، شواہد کی بنیاد پر سزاؤں کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی نے سیاست کرنی ہے تو پاکستان آکر سیاست کرے، لاکھوں ڈالر دے کر پاکستانی اداروں کو بدنام کرنا قابل مذمت ہے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آچکی ہے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایرانی حکومت نے پاکستانیوں کے قتل میں ملوث افراد کو پکڑنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ حکومت بسنت تہوار منانے پر نظرثانی کر رہی ہے، حفاطتی اقدامات کے ساتھ بسنت کو منایا جانا چاہیے۔