سابق بھارتی کرکٹر، کوچ و کمنٹیٹر سنجے بانگر کی جنس تبدیل کروا کر بیٹے آریان سے عنایہ بانگر بن جانے والی بیٹی نے متعدد کرکٹرز پر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کر دیے۔
عنایہ بانگر نے گزشتہ سال اپنے ہارمونل علاج کے بعد مکمل طور پر اپنی جنس تبدیل کروا لی تھی، کرکٹر آریان کو اب عنایہ کے نام سے جانا جاتا ہے جو کہ اب ایک خاتون کرکٹر و سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں۔
برطانیہ میں مقیم عنایہ بانگر نے حال ہی میں ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے انٹرویو دیا ہے جہاں انہوں نے اپنی زندگی کی سب سے بڑی تبدیلی سے متعلق تفصیل سے بات کی ہے اور متعدد انکشافات بھی کیے ہیں۔
عنایہ بانگر کا کہنا ہے کہ بچپن سے ہی مجھے کرکٹ سے بہت محبت تھی، میرے ذہن میں یہ سوال بار بار اٹھتا تھا کہ میں لڑکی کیوں پیدا نہیں ہوئی، جب میں 8 یا 9 سال کی تھی میں اپنی ماں کے کپڑے چھپ کر پہنتی تھی اور ہمیشہ سوچتی تھی کہ مجھے لڑکی کیوں نہیں بنایا گیا۔
عنایہ بانگر نے کہا ہے کہ میں نے کئی برسوں تک دہری جنس کی زندگی گزاری ہے، ایک زندگی کمرے میں اپنی حقیقی خواہشات کے ساتھ اور دوسری کرکٹ کے میدان میں بطور لڑکا، وقت کے ساتھ ساتھ میں اس کھیل سے نفرت کرنے لگی تھی جسے میں نے کبھی بہت زیادہ چاہا تھا اور اس کی خواہش کی تھی۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک وقت تھا جب میں کرکٹ سے ہی بھاگنے لگ گئی تھی کیونکہ مجھے اس کھیل کے لیے اپنی حقیقت چھپانی پڑتی تھی، پھر میں نے کرکٹ سے وقفہ لے کر برطانیہ کا رخ کیا تاکہ میں اپنے آپ کو تسلیم کروا سکوں۔
عنایہ بانگر نے بتایا کہ میں نے اپنے ہارمونل علاج اور جنس تبدیل کروانے کے بعد دوبارہ کرکٹ کھیلنے کے لیے ماہرینِ نفسیات سے مشورہ کیا تھا۔
انہوں نے جنس تبدیل کروانے کے بعد اپنے ساتھ پیش آنے والے تلخ رویوں سے متعلق بھی بات کی۔
عنایہ بانگر نے انکشاف کیا کہ جب میں بطور لڑکی کرکٹ میں واپس آئی تو بھارتی کرکٹرز کی جانب سے مجھے فحش تصاویر بھیجنے جیسی آفرز کی گئیں۔
عنایہ بانگر نے مزید چونکا دینے والے انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ کرکٹ کی دنیا عدم تحفظ اور گندی مردانہ ذہنیت سے بھری ہوئی ہے، کچھ کرکٹرز ایسے بھی ہیں جنہوں نے مجھے اپنی فحش تصاویر بھیجیں اور میرے نہایت قریب بیٹھ کر انتہائی غیر اخلاقی آفرز بھی کیں۔
عنایہ بانگر کا کہنا ہے کہ کرکٹرز میں ایک شخص ایسا بھی تھا جو سب کے سامنے گراؤنڈ میں تو مجھے گالی دیتا تھا لیکن پھر وہی شخص میرے پاس آ کر بیٹھتا اور مجھ سے فحش گفتگو کرتا تھا۔