امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ ہماری سب سے زیادہ تجارت امریکا سے ہے، امریکا ہمیشہ سے ہمارا اہم تجارتی شراکت دار رہا ہے۔
اپنے بیان میں سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مثبت طریقے سے سفارتی عمل شروع کریں گے، امید ہے کہ ٹیرف کے معاملے پر سفارتی عمل کے مثبت نتائج آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ امریکی انتظامیہ کے خدشات اور تشویش کو سمجھیں۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ بجلی کی قیمت میں کمی سے بھی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا بھر کے ممالک کی درآمدی مصنوعات پر کم ازکم 10 فیصد ٹیکس عائد کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر 29 فیصد اور بھارت پر 26 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔